گرمی کو بریک لگ گئی، برکھا برسنے کو تیار، ٹھنڈی عید، محکمہ موسمیات تازہ پیشگوئی آگئی

گرمی کو بریک لگ گئی، برکھا برسنے کو تیار، ٹھنڈی عید، محکمہ موسمیات تازہ پیشگوئی آگئی

محکمہ موسمیات نے عیدالفطر 2026 کے موقع پر ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی خوشخبری سناتے ہوئے پیشگوئی کی ہے کہ اس بار عید نہ صرف خوشیوں بلکہ خوشگوار اور ٹھنڈے موسم کے ساتھ منائی جائے گی۔

ماہرین کے مطابق روزہ داروں کو قدرت کی طرف سے ایک طرح کی ’عیدی‘ ملنے جا رہی ہے، جس سے عید کی خوشیاں دوبالا ہو جائیں گی۔

ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات مہر صاحبزاد خان کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں عید کے دنوں میں بارشوں کا ایک مضبوط سلسلہ داخل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد سے لے کر ملتان تک مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ پشاور، چترال اور گلگت بلتستان میں 3 سے 4 دن تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عید کے روز موسم کیسا رہے گا؟کہاں کہاں بادل برسیں گے،محکمہ موسمیات کی پیشگوئی آگئی

انہوں نے مزید بتایا کہ عید کے فوری بعد بھی درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ متوقع نہیں ہے، جس سے گرمی کی شدت میں واضح کمی رہے گی۔ اس بار رمضان المبارک کے دوران کبھی گرم، کبھی سرد اور کبھی معتدل موسم دیکھنے میں آیا، تاہم عید کے موقع پر موسم مجموعی طور پر خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ کے آخری ہفتے یعنی 29، 30 اور 31 تاریخ کو بھی بارشوں کا امکان برقرار رہے گا، جس کا دائرہ کار شمالی علاقوں سے بڑھتے ہوئے لاہور تک پھیل سکتا ہے۔ اس دوران بعض علاقوں میں تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے، جس سے موسم مزید خوشگوار ہو جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بارشیں جہاں شہری علاقوں میں گرمی کی شدت کم کریں گی، وہیں زرعی شعبے کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ تاہم بعض مقامات پر زیادہ بارش فصلوں کے لیے نقصان دہ بھی ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:عید کے روز موسم کیسا رہے گا؟کہاں کہاں بادل برسیں گے،محکمہ موسمیات کی پیشگوئی آگئی

محکمہ موسمیات نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گندم اور دیگر فصلوں کی کٹائی کا عمل موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیں تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔ اسی طرح مسافروں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ عید کے دوران سفر کی منصوبہ بندی کرتے وقت موسم کی پیشگوئی کو ضرور دیکھیں، خصوصاً پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کے خدشات کے پیش نظر احتیاط برتیں۔

شہریوں میں اس پیشگوئی کے بعد خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ عید کے موقع پر ٹھنڈا اور خوشگوار موسم تفریحی سرگرمیوں کو مزید پرلطف بنا دیتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *