ٹیسلا کا عام صارفین کیلئے چھوٹی اور سستی ایس یو وی متعارف کروانے کا اعلان

ٹیسلا کا عام صارفین کیلئے چھوٹی اور سستی ایس یو وی متعارف کروانے کا اعلان

الیکٹرک گاڑیوں کی دنیا میں نمایاں مقام رکھنے والی کمپنی ٹیسلا کی جانب سے ایک نئی، چھوٹی اور کم قیمت الیکٹرک SUV کی تیاری کی اطلاعات نے آٹو انڈسٹری میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، ٹیسلا ایک کمپیکٹ SUV پر کام کر رہا ہے جو اس کے موجودہ ماڈل ’وائے‘ کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد کم سائز اور زیادہ سستی ہوگی۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے کے لیے سپلائرز سے ابتدائی سطح پر رابطے شروع کر دیے گئے ہیں،  دستیاب معلومات کے مطابق اس نئی گاڑی کی لمبائی تقریباً 4.28 میٹر (تقریباً 14 فٹ) ہوگی، جو ٹیسلا کے معروف ’ماڈل وائے‘ (تقریباً 15.7 فٹ) کے مقابلے میں خاصی کم ہے۔

ذرائع کے مطابق اس گاڑی کی تیاری چین کے شہر شنگھائی میں قائم ٹیسلا فیکٹری میں کی جائے گی، جبکہ کمپنی مستقبل میں اس کی پیداوار کو امریکا اور یورپ تک پھیلانے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔

تاہم، یہ منصوبہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور رواں سال اس کی باقاعدہ پروڈکشن شروع ہونے کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں،  مزید یہ کہ اس نئے ماڈل کی قیمت ٹیسلا کی موجودہ انٹری لیول سیڈان ’ماڈل 3‘ سے بھی کم رکھی جانے کا امکان ہے، چین میں ماڈل 3 کی ابتدائی قیمت تقریباً 34 ہزار ڈالر جبکہ امریکا میں 37 ہزار ڈالر کے قریب ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آئی فون صارفین کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی! سائبر حملوں سے کیسے بچا جائے؟

لاگت کو کم رکھنے کے لیے اس نئی SUV میں نسبتاً چھوٹی بیٹری استعمال کی جائے گی، جس کے باعث اس کی ڈرائیونگ رینج ’ماڈل وائے‘ (306 سے 327 میل) کے مقابلے میں کم ہوگی۔

اس کے علاوہ، موجودہ ماڈلز میں دی جانے والی دو الیکٹرک موٹرز کے بجائے اس میں ایک ہی موٹر فراہم کی جائے گی، جبکہ اس کا وزن بھی نسبتاً کم ہوگا۔

واضح رہے کہ 2024 میں ایلون مسک نے 25 ہزار ڈالر کی سستی الیکٹرک گاڑی کا منصوبہ منسوخ کر دیا تھا اور کمپنی کی تمام تر توجہ ’روبوٹیکسی‘ اور ’ہیومنائیڈ روبوٹس‘ پر مرکوز کر دی تھی۔

تاہم حالیہ تجزیے کے مطابق، چوںکہ دنیا بھر کی مارکیٹوں اور ریگولیٹری اداروں کی جانب سے مکمل ڈرائیور لیس گاڑیوں کی منظوری میں ابھی کئی سال لگ سکتے ہیں، اس لیے ٹیسلا ایسے ماڈلز بنانے پر غور کر رہا ہے جو خود مختار ہونے کے ساتھ ساتھ انسانی کنٹرول کا آپشن بھی فراہم کریں تاکہ فیکٹریوں کی پیداواری گنجائش اور سیلز کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔

دوسری جانب ٹیسلا کا کہنا ہے کہ وہ رواں ماہ اپنی دو دروازوں والی ’سائبر کیب‘ روبوٹیکسی کی پیداوار شروع کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے جس میں کوئی اسٹیئرنگ وہیل یا پیڈل نہیں ہوگا۔

تاہم امریکی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کے ایک ترجمان کے مطابق ٹیسلا نے تاحال بغیر اسٹیئرنگ اور پیڈلز کے گاڑی فروخت کرنے کے لیے درکار لازمی وفاقی استثنیٰ کے لیے درخواست جمع نہیں کرائی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *