پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن ‘2026’ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے مایہ ناز بیٹر ڈیون کانوے نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنا ایک منفرد تجربہ ہے اور یہاں کرکٹ کا معیار (اسٹینڈرڈ) انتہائی بلند ہے۔
نجی ٹی وی کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان آمد، لیگ کے معیار اور اپنی ٹیم کے ماحول پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
ڈیون کانوے نے بتایا کہ انہیں پاکستان آئے ہوئے چند ہفتے بیت چکے ہیں اور وہ یہاں کے ماحول سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 ورلڈکپ: ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو شکست دے دی
پی ایس ایل میں اپنے تجربے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’ابھی میں نے صرف 1 میچ کھیلا ہے مگر اتنے کم وقت میں ہی میں نے یہ نوٹس کیا ہے کہ یہاں کرکٹ کی کوالٹی بہترین ہے۔
خاص طور پر پاکستان کے پاس فاسٹ باؤلرز کی بڑی تعداد موجود ہے جبکہ اسپنرز بھی بہت متاثر کن ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی ہی ٹیم کے کپتان شاداب خان اور آل راؤنڈر عماد وسیم کا نیٹس میں سامنا کرنا کافی مشکل ثابت ہوتا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ میں اپنی سلیکشن پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کانوے نے کہا کہ یونائیٹڈ پی ایس ایل کی ایک کامیاب فرنچائز ہے اور اس کا حصہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
مزید پڑھیں:پی ایس ایل 11: گیند سے چھیڑ چھاڑ ، فخر زمان کو لیول تھری جرم پر چارج کر دیا گیا
انہوں نے کپتان شاداب خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہت ہی دوستانہ اور ریلیکس مائنڈ کے کپتان ہیں جنہوں نے پوری ٹیم کو ایک فیملی کی طرح جوڑ کر رکھا ہوا ہے۔
پاکستان میں اپنے پسندیدہ مقام کے بارے میں سوال پر ڈیون کانوے نے کراچی کا نام لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’چیمپئنز ٹرافی کے دوران کراچی میں پاکستان کے خلاف کھیل کر بہت مزہ آیا تھا، اسی لیے کراچی میرا پسندیدہ وینیو ہے‘۔

