سوشل میڈیا پر متنازع شہرت رکھنے والے ٹک ٹاکر حکیم شہزاد کو پولیس نے زیادتی کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ مقدمہ ایک خاتون ٹک ٹاکر کی شکایت پر درج کیا گیا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ملزم نے خاتون کو صلح کے بہانے اپنے کلینک پر بلایا اور وہاں زبردستی کرنے کی کوشش کی۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ خاتون کی مزاحمت کے دوران ملزم نے بدسلوکی کی اور اس کے کپڑے پھاڑ دیے۔ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں تھانہ صدر میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں زیادتی کی کوشش سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور کیس کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حکیم شہزاد، جو دانیہ شاہ کے شوہر بھی ہیں، ماضی میں سوشل میڈیا تنازعات کی وجہ سے خبروں میں رہے ہیں۔ تاہم، تازہ الزام کے بعد یہ معاملہ مزید توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔