شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری، ٹریفک چالان میں کمی کر دی گئی

شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری، ٹریفک چالان میں کمی کر دی گئی

حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد بھاری جرمانوں کے خلاف عوامی ردعمل کے بعد  بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، اور جرمانوں میں نمایاں کمی کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے بھجوائی گئی سمری منظور کر لی ہے، جسے جلد پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

حکومتی اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ مہینوں میں بھاری ٹریفک چالانوں کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار تھے۔ مختلف شہروں میں عوامی غصہ بھی دیکھنے میں آیا جہاں بعض مقامات پر شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں جلائیں جبکہ ٹریفک پولیس اور شہریوں کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑوں کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

سمری کے مطابق موٹر سائیکل کا چالان 2 ہزار روپے سے کم کر کے 1 ہزار روپے کر دیا گیا ہے جبکہ رکشے کا چالان 3 ہزار سے کم کر کے 1 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے، البتہ سنگین خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ 2 ہزار روپے ہوگا۔ اسی طرح کار اور جیپ کا چالان 5 ہزار سے کم کر کے 3 ہزار روپے کر دیا گیا ہے تاہم اوور سپیڈنگ کے جرمانے بدستور برقرار رکھے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا معاملہ، حکومت اور آئل کمپنیاں پھر آمنے سامنے

مزید برآں 2000 سی سی اور لگژری گاڑیوں کے جرمانے میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے جو 20 ہزار روپے سے کم ہو کر 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے جبکہ ان گاڑیوں کے لیے کم سے کم جرمانہ 2 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ مزدا، کوسٹرز اور دیگر چھوٹی مسافر وینز کے جرمانے 20 ہزار سے کم کر کے 7 ہزار روپے کر دیے گئے ہیں جبکہ ٹرک، بسوں اور دیگر ہیوی وہیکلز کے جرمانے بھی 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق لائٹ اور ہیوی وہیکلز کی دیگر خلاف ورزیوں پر بھی جرمانوں میں 10 ہزار روپے تک کمی کی گئی ہے تاکہ عوام پر مالی دباؤ کم کیا جا سکے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف شہریوں کو ریلیف فراہم کرے گا بلکہ ٹریفک نظام میں کشیدگی کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *