عمان کی حکومت نے جمعرات 19 فروری کو رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے پہلے دن کا اعلان کر دیا ہے۔
عمان حکومت نے فلکیاتی حساب کی بنیاد پر تصدیق کی ہے کہ رمضان المبارک کا چاند منگل 29 شعبان المعظم کو نظر آنا ناممکن ہے۔ مرکزی کمیٹی کے مطابق بدھ 18 فروری کو شعبان المعظم کا مہینہ مکمل ہو جائے گا جس کے اگلے دن رمضان المبارک 1447 ہجری کا آغاز ہوگا۔
فلکیاتی نتائج کے بعد بتایا گیا ہے کہ سلطنت کے تمام گورنریٹس میں غروب آفتاب کے بعد چاند کا بصری نظارہ ناممکن ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ عمان چاند کی باقاعدہ رویت سے ایک ہفتہ قبل ہی رمضان کی پہلی تاریخ کا اعلان کرنے والا پہلا عرب ملک ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں رمضان کا چاند 18 فروری کو نظر آنے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق 29 شعبان کو چاند نظر آ سکتا ہے جبکہ چاند کی پیدائش 18 فروری کی شام پانچ بجکر ایک منٹ پر ہوگی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 18 فروری کو پشاور میں ہوگا۔ ماہرین کے مطابق اٹھارہ فروری کی شام بیشتر علاقوں میں مطلع صاف یا جزوی ابر آلود رہے گا۔
علاقہ وار چاند دیکھنے کے اوقات کے مطابق پنجاب میں چاند دیکھنے کا وقت شام سات بجکر آٹھ منٹ تک ہوگا، سندھ میں چاند دیکھنے کا آخری وقت شام سات بجکر چوبیس منٹ تک ہوگا۔
بلوچستان میں شام سات بجکر سینتالیس منٹ تک چاند دیکھا جا سکے گا جبکہ خیبرپختونخوا میں چاند دیکھنے کا وقت شام سات بجکر تیرہ منٹ تک ہوگا۔