ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے سینئر سفارتکاروں سے ملاقات کی ہے جس میں باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفترِ خارجہ کے بیان کے مطابق ملاقات میں ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کلاکلایا، مصر کے معاون وزیر خارجہ نازیہ النگاری اور سعودی وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبد اللہ بن خالد بن سعود الکبیر شریک تھے۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے چاروں ممالک کے درمیان مشترکہ مفادات، امن کے فروغ، معاشی خوشحالی اور ترقی کے اہداف پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ علاقائی استحکام کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
نائب وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے کے اہم مسائل کے حل کے لیے ایک مربوط اور منظم تعاون کا فریم ورک تشکیل دیا جائے تاکہ معاشی اور سفارتی سطح پر بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔