امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور آئندہ دو دن میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہوسکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایران سے جاری بات چیت کے حوالے سے نیو یارک یوسٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ پاکستان میں ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذاکرات کا اگلا دور منعقد کرنے کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بہترین کام کررہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگلے دو دنوں میں کچھ ہونے والا ہے۔
صدر ٹرمپ نے امریکی اخبار نیو یارک پوسٹ کو دیے گئے ایک فون انٹرویو میں ابتدا میں بتایا کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے لیکن کچھ سست روی کا شکار ہے۔
نیو یارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق تقریباً آدھے گھنٹے بعد صدر ٹرمپ نے امریکی صحافی سے دوبارہ رابطہ کرکے صورتحال سے آگاہ کیا اور اپنے مؤقف میں تبدیلی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا، “آپ کو وہیں رہنا چاہیے کیونکہ اگلے دو دنوں میں کچھ ہوسکتا ہے، اور اب ہمارا جھکاؤ وہاں جانے کی طرف زیادہ ہے، انہوں نے اسلام آباد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق اسلام آباد میں مذاکرات کے امکانات زیادہ ہیں، اور اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ زیادہ ممکن ہے، آپ جانتے ہیں کیوں؟ کیونکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بہترین کام کررہے ہیں۔