بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنہ الہندوستان (ایف اے ایچ) کی جانب سے مربوط حملوں کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ حکام کے مطابق دہشت گرد عناصر نے مختلف مقامات پر بیک وقت کارروائیاں کرنے کی کوشش کی، تاہم فورسز کی مستعدی اور بروقت ردعمل کے باعث تمام حملے ناکام بنا دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے نوسر میں پولیس چوکی پر فائرنگ کی گئی، جس کا پولیس نے فوری اور مؤثر جواب دیا۔ اسی طرح میان غنڈی میں ایف اے ایچ کی جانب سے یو بی جی ایل اور دور سے فائرنگ کی گئی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔
کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے قریب پولیس گشت پر بھی یو بی جی ایل کے ذریعے حملہ کیا گیا، جسے پولیس نے ناکام بنا دیا اور اس واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ مزید برآں، اسپلنجی کے قریب ایف سی چوکی پر بھی دور سے فائرنگ کی گئی، جس کا فورسز نے بھرپور جواب دیا۔
اسی طرح لتر میں ایف سی پوسٹ پر حملہ کیا گیا، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا اور دہشت گردوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔ تمام واقعات میں سیکیورٹی اداروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے صورتحال کو کنٹرول میں رکھا اور کسی بڑے نقصان سے بچا لیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز اس وقت ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی اور ملک کے امن کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔
یہ حالیہ کارروائیاں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مسلسل متحرک ہیں اور کسی بھی قسم کی دہشت گردی کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔