پنجاب میں ڈی آئی جی ٹریفک کے احکامات پر صوبے بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل جاری ہے اور ابتدائی اعداد و شمار نے شہریوں کے ٹریفک پولیس پر اعتماد کو واضح کر دیا ہے۔
ٹریفک ترجمان کے مطابق سال کے ابتدائی 10 دنوں میں 3 لاکھ سے زائد شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام جدید اور شفاف سہولیات سے مطمئن ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق، اس دوران 1 لاکھ 47 ہزار سے زائد شہریوں نے نئے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے، جبکہ 1 لاکھ 48 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کرائی۔ اسی دوران 1400 پاکستانی شہریوں نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کیا، اور 1 لاکھ 29 ہزار سے زائد شہری جدید آن لائن لائسنسنگ پورٹل کے ذریعے خدمات سے مستفید ہو چکے ہیں، جس سے آن لائن نظام کی کامیابی اور سہولت واضح ہوتی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں شہریوں کا لائسنس حاصل کرنا خوش آئند ہے اور یہ عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سال 2026 میں بھی شہریوں کے اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے لائسنسنگ سہولیات میں مزید اضافہ کیا جائے گا اور پورے صوبے میں جدید اور شفاف خدمات فراہم کی جائیں گی۔
ٹریفک حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نئے یا تجدید شدہ لائسنس کے لیے صرف سرکاری اور تصدیق شدہ مراکز یا آن لائن پورٹل استعمال کریں تاکہ کسی قسم کی دشواری، دھوکہ دہی یا غیر قانونی عمل سے بچا جا سکے۔
ان اقدامات کے ذریعے عوام کے لیے لائسنسنگ کے عمل کو آسان، شفاف اور تیز رفتار بنایا جا رہا ہے۔