شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے8 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ دو کو زخمی کر دیا۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی، جس میں فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر آپریشن شروع کیا۔
تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز کو دتہ خیل کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس کے بعد ایک منظم اور مربوط کارروائی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں :لکی مروت میں سیکورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5خوارج ہلاک
آپریشن کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ 2 دہشت گرد زخمی ہوگئے۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، فورسز کی جانب سے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ علاقے میں موجود تمام ممکنہ خطرات کا خاتمہ کیا جائے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ دتہ خیل اور اس کے گرد و نواح میں سکیورٹی کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے۔ علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی مشتبہ فرد کی نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ سرچ آپریشن کو بھی تیز کر دیا گیا ہے تاکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کو جلد از جلد گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔