لاہور قلندرز پر 5 رنز کی پنالٹی؛ بال ٹیمپرنگ تنازع پر سکندر رضا کا بڑا بیان سامنے آ گیا

لاہور قلندرز پر 5 رنز کی پنالٹی؛ بال ٹیمپرنگ تنازع پر سکندر رضا کا بڑا بیان سامنے آ گیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 2026 میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان ہونے والا مقابلہ ایک نئے تنازع کی نذر ہو گیا ہے۔ میچ کے دوران بال سے چھیڑ چھاڑ (بال ٹیمپرنگ) کے الزامات کے بعد لاہور قلندرز پر 5 رنز کی پنالٹی عائد کر دی گئی ہے، جس پر ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر سکندر رضا نے اپنی خاموشی توڑ دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زمبابوے کے کیپٹن سکندر رضا نے واضح کیا کہ انہوں نے بال کی حالت تبدیل نہیں کی اور وہ یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ یہ عمل کس نے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم منیجمنٹ اس حساس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔ میچ کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ کراچی کنگز کے خلاف ٹیم کے رنز کم تھے، ورنہ ایک بہتر ہدف دے کر میچ جیتا جا سکتا تھا۔

واقعے کی تفصیلات کے مطابق، فیلڈ امپائرز فیصل آفریدی اور شرف الدولہ نے مشاہدہ کیا کہ گیند کی حالت کے ساتھ غیر قانونی طور پر چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے، جس پر انہوں نے فوری طور پر گیند تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا اور قلندرز کو سزا کے طور پر5 رنز کی پنالٹی لگا دی۔ اب امپائرز کی جانب سے باقاعدہ رپورٹ میچ ریفری روشن ماہنامہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:حارث رئوف پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگ گیا

میڈیا رپورٹ کے مطابق میچ ریفری روشن ماہنامہ اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو طلب کر کے باقاعدہ سماعت کریں گے۔

اس سماعت کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا کسی کھلاڑی پر انفرادی طور پر پابندی یا جرمانہ عائد کیا جائے گا یا نہیں۔ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے الزامات لاہور قلندرز کی ساکھ اور پوائنٹس ٹیبل پر ان کی پوزیشن کو متاثر کر سکتے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *