رمشا خان اور خوشحال خان سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے جہاں ان کے مبینہ نکاح اور شادی کے بعد اداکارہ کے شوبز سے وقفہ لینے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق ان کی سیکرٹری نے کر دی ہے
رمشا خان پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور انہوں نے گزشتہ چند برسوں میں ’ہم تم‘، ’دنیاپور‘ اور ’بریانی‘ جیسے کامیاب منصوبوں کے ذریعے اپنی منفرد پہچان بنائی۔ خاص طور پر خوشحال خان کے ساتھ ان کی آن اسکرین کیمسٹری کو شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا جس کے بعد دونوں کے درمیان آف اسکرین تعلقات کی قیاس آرائیاں بھی سامنے آتی رہیں تاہم اس حوالے سے دونوں فنکاروں نے کبھی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
چند روز قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر یہ خبر تیزی سے وائرل ہوئی کہ رمشا خان اور خوشحال خان نے ایک سادہ تقریب میں نکاح کر لیا ہے جبکہ اس حوالے سے مبینہ تصاویر بھی گردش کرتی رہیں۔ تصاویر کے سامنے آنے پر اداکارہ نے ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی نجی زندگی کو اس انداز میں منظرعام پر نہیں لانا چاہتی تھیں، جس کے بعد انہوں نے تصاویر ہٹانے کی درخواست بھی کی۔
بعد ازاں رمشا خان نے اپنے سماجی رابطوں کے اکاؤنٹس سے تمام مواد حذف کر دیا جس سے مداحوں میں مزید تشویش اور تجسس پیدا ہوا کیونکہ اداکارہ کی بڑی مداحوں کی تعداد ہے۔
دوسری جانب، پوڈ کاسٹر حسن چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ کی سابقہ مینیجر سمرہ مسلم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ رمشا خان نے اپنی ازدواجی زندگی پر توجہ دینے کے لیے شوبز سے عارضی وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ گزشتہ برس دسمبر سے اس فیصلے پر غور کر رہی تھیں اور فی الحال نئے منصوبوں پر دستخط نہیں کریں گی۔
تاہم ان تمام خبروں اور دعوؤں کے باوجود رمشا خان یا خوشحال خان کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جس کے باعث یہ معاملہ بدستور قیاس آرائیوں کی زد میں ہے۔