پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے بڑھانے کا آرڈیننس جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق آج سے پورے صوبے میں شروع ہو گیا ہے۔ نئے جرمانوں کے تحت مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں کے لیے مخصوص رقمیں مقرر کی گئی ہیں تاکہ شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔
ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل سوار کو 2000 روپے، کار کو 5000 روپے اور کمرشل گاڑیوں کو 15000 روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ غفلت یا لاپرواہی سے گاڑی چلانے والوں کے لیے موٹر سائیکل پر 3000 روپے اور کار پر 5000 روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے موٹر سائیکل چلانے پر 2000 روپے، کار پر 5000 روپے اور کمرشل گاڑیوں پر 15000 روپے جرمانہ ہوگا۔ دھواں چھوڑنے والے موٹر سائیکل سوار کو 2000، تھری ویلر اور کار کو 3000 جبکہ کمرشل گاڑیوں کو 15000 روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
لائن لین کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل کو 2000، تھری ویلر اور کار کو 3000 اور کمرشل گاڑیوں کو 15000 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ موٹر سائیکل پر دو سے زیادہ افراد سوار ہونے پر بھی 2000 روپے جرمانہ ہوگا۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر موٹر سائیکل کو 2000، تھری ویلر اور کار کو 3000 روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور روڈ پرمٹ کے کمرشل گاڑیوں پر 15000 روپے جرمانہ ہوگا۔ کم عمر موٹر سائیکل ڈرائیور کو 2000، تھری ویلر کو 3000 اور کار کو 5000 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔