ایسے محنت کش افراد جو اپنا گھر بنانے کی خواہش رکھتے ہیں لیکن مالی وسائل نہ ہونے کے باعث یہ خواب پورا نہیں کر پاتے، ان کے لیے پنجاب حکومت نے بڑی خوشخبری کا اعلان کیا ہے۔ محنت کشوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے سرکاری فلیٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے تاریخ کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
محکمہ محنت و انسانی وسائل پنجاب کی جانب سے فیس بک پر جاری کی گئی ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ورکرز ویلفیئر کمپلیکس سندر انڈسٹریل اسٹیٹ قصور فیز اول کے فلیٹس کی قرعہ اندازی پرسوں منعقد ہوگی۔ محکمہ کے مطابق یہ قرعہ اندازی مکمل طور پر شفاف اور کمپیوٹرائزڈ طریقہ کار کے تحت انجام دی جائے گی۔
قرعہ اندازی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی موجودگی میں جمعہ 28 نومبر 2025 کو وزیراعلیٰ آفس میں ہوگی۔ اس موقع پر محکمے کے اعلیٰ افسران اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوں گے۔
حکومت پنجاب نے عوام کے لیے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کی رجسٹریشن کو بھی مزید آسان بنا دیا ہے۔ ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اب شہری گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں، جس سے انہیں دفاتر کے چکر اور اضافی خرچ سے نجات ملے گی۔
محکمہ ہاؤسنگ کا کہنا ہے کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے اثرات نمایاں طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ قلیل مدت میں مجموعی طور پر 30 ہزار 600 مکانات مکمل کیے جا چکے ہیں، جب کہ ایک لاکھ پانچ ہزار سات سو خاندانوں نے اپنے گھر کی تعمیر کے لیے قرضے حاصل کیے ہیں۔
محنت کش طبقے کے لیے فلیٹس کی یہ قرعہ اندازی اور ہاؤسنگ پروگرام میں سہولتیں حکومت پنجاب کے اس عزم کی عکاس ہیں کہ وہ کم وسائل رکھنے والے شہریوں کو اپنے گھر کا خواب پورا کرنے میں بھرپور مدد فراہم کرے گی۔