10 لاکھ روپے تک نقد انعام جیتنے کا موقع! حکومت کا بڑا اعلان

10 لاکھ روپے تک نقد انعام جیتنے کا موقع! حکومت کا بڑا اعلان

صوبہ پنجاب میں محکمہ زراعت نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے “سونا اگلتا پنجاب” وژن کے تحت گندم کی پیداواری مقابلے کا اعلان کردیا، کامیاب کسان کو 10 لاکھ نقد اور کروڑوں کے انعامات ملیں گے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن “سونا اگلتا پنجاب” کے تحت محکمہ زراعت نے پنجاب کے کسانوں کے لیے گندم کی پیداواری مقابلے کا اعلان کیا ہے۔ مقابلے کا مقصد کسانوں کی خوشحالی اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔

محکمہ زراعت کے مطابق جیتنے والے کسان کو 10 لاکھ روپے کیش ملے گا جبکہ مقابلے میں کروڑوں کے انعامات اور ٹریکٹر بطور انعام شامل ہیں۔

مقابلے میں شرکت کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 31 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔

مقابلے میں شرکت پانچ یا زیادہ ایکڑ قابلِ کاشت زرعی اراضی کے مالکان کرسکیں گے۔ آبپاش علاقوں میں 15 ایکڑ اور بارانی علاقوں میں 12 ایکڑ پر مسلسل گندم کاشتہ ہو اور منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کیا گیا ہو۔ مقابلے کے لیے دستاویزات کی تحصیل کمیٹی سے تصدیق ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی کسانوں کا آلودگی پھیلانے پر جرمن کمپنیوں کیخلاف مقدمہ دائر کرنےکا اعلان

مقابلے میں صوبائی سطح پر اوّل آنے والے کو 85 ہارس پاور ٹریکٹر، دوسرے نمبر والے کو 75 ہارس پاور ٹریکٹر اور تیسرے نمبر پر آنے والے کو 60 ہارس پاور ٹریکٹر دیا جائے گا۔

جبکہ ضلعی سطح پر پہلا انعام نقد 10 لاکھ روپے، دوسرا 8 لاکھ روپے اور تیسرا انعام 5 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔

خواہش مند افراد درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں اور متعلقہ دفاتر سے بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ درخواستیں متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفاتر میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ مزید معلومات کے لیے زرعی ہیلپ لائن 0800-17000 پر صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کال کی جا سکتی ہے۔

مقابلے کے لیے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ان کے فیملی ممبرز، اور گریڈ 17 سے اوپر کے سرکاری ملازمین سمیت محکمہ مال اور محکمہ زراعت پنجاب کے تمام ملازمین اہل نہیں ہوں گے۔

Related Articles