عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ یکم دسمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے، جس سے عام صارفین کے اخراجات میں کمی آئے گی۔
ذرائع کے مطابق، پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 75 پیسے تک کمی متوقع ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 6 روپے 10 پیسے کمی ہونے کا امکان ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 73 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6 روپے 35 پیسے فی لیٹر تک کمی کی توقع ظاہر کی گئی ہے ، یہ کمی صارفین کے لیے ریلیف کا سبب بنے گی، خاص طور پر وہ لوگ جو روزانہ گاڑی یا دیگر پیٹرولیم مصنوعات کا استعمال کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئل انڈسٹری نے قیمتوں میں مجوزہ ردوبدل کے حوالے سے اپنی ورکنگ مکمل کر کے اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) کو بھیج دی ہے ، اوگرا اس ورکنگ کی بنیاد پر قیمتوں میں ردوبدل کی سمری تیار کر رہا ہے، جس کے بعد یہ سمری وزارتِ خزانہ کو ارسال کی جائے گی۔
وزارتِ خزانہ یکم دسمبر سے لاگو ہونے والی نئی قیمتوں کا اعلان 30 نومبر کو کرے گی، جو آئندہ پندرہ دنوں کے لیے مؤثر ہوں گی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وزارتِ خزانہ قیمتوں کے اعلان سے قبل وزیراعظم سے مشاورت بھی کرے گی تاکہ حتمی فیصلے میں تمام ضروری پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے ، حکومت کی یہ کوشش عوام کے روزمرہ اخراجات میں کمی لانے اور مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے اہم قدم سمجھی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ کمی نہ صرف صارفین کے بجٹ پر مثبت اثر ڈالے گی بلکہ ٹرانسپورٹ اور صنعتوں کے لیے بھی ریلیف کا سبب بنے گی، جس سے معیشت کے دیگر شعبوں پر بھی اثرات مرتب ہوں گے۔