ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز کا فائنل آج پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
ٹرائی نیشن سیریز میں پاکستان ٹیم نے 4 میں 3 میچز جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا جبکہ سری لنکا نے 2 میچز جیتنے کے بعد فائنل میں جگہ بنائی۔ سری لنکن ٹیم نے پہلے زمبابوے اور آخری میچ میں پاکستان کو شکست دی۔
کپتان سلمان علی آغا اور سری لنکن کپتان داسن شناکا نے مقامی ہوٹل میں ٹرافی کے ہمراہ تصاویر بنوائیں۔ دونوں ٹیموں کے لئے فیصلہ کن معرکہ آج راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، میچ شام 6 بجے شروع ہوگا۔
قبل ازیں سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر 29 نومبر کو شیڈول فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اہم میچ میں پاکستان ٹیم سری لنکا کے 184 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں پر 178 رنز ہی بنا سکی، سلمان علی آغا کی 44 گیندوں پر 63 رنز کی عمدہ اننگز بھی پاکستان کو ہار سے بچا نہ سکی۔
پاکستان کی جانب سے عثمان خان 33 رنز بنا کر نمایاں رہے، صائم ایوب اور محمد نواز 27،27 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے، صاحب زادہ 9، فہیم اشرف 7 اور فخر زمان ایک رن پر آؤٹ ہوئے، بابر اعظم ایک بار پھر صفر پر واپس ڈگ آؤٹ لوٹ گئے۔
مزید پڑھٰیں: بھارت کو دو سالوں میں دوسری بار ‘وائٹ واش’ کا سامنا

