امریکی محکمہ خارجہ نے افغان پاسپورٹ رکھنے والے تمام افراد کے ویزے معطل کر دیئے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا افغان شہریوں کے ویزوں پر عارضی طور پر پابندی لگائی گئی ہے، امریکی شہریت اور امیگریشن سروسز نے بھی تمام پناہ گزین درخواستوں پر فیصلہ روک دیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے گزشتہ روز ایکس پر ایک پوسٹ میں تصدیق کی کہ محکمہ خارجہ نے افغان پاسپورٹ پر سفر کرنے والے تمام افراد کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا ہے۔
ادھر U.S. Citizenship and Immigration Services نے پناہ گزینوں سے متعلق تمام فیصلے روک دیئے ہیں اور ایجنسی ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ کسی بھی غیر ملکی کی جانچ پڑتال اور زیادہ سے زیادہ حد تک اسکریننگ کو یقینی بنانے تک تمام فیصلے روک دیئے گئے ہیں۔
اس سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ تیسری دنیا کے تمام ملکوں سے ہجرت کو مستقل طور پر روک دیا جائے گا، ایسے پناہ گزینوں کی قانونی شہریت منسوخ کر دیں گے جو داخلی امن کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ایک افغان شہری نے واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈ کے فوجیوں پرفائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اس پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے بتایا تھا کہ افغان شہری کی فائرنگ سے زخمی خاتون نیشنل گارڈ دم توڑ گئی ہے، غیر قانونی تارکین امریکا آ کر مشکلات پیدا کرتے ہیں۔
دوسری طرف امریکا میں مقیم افغان مہاجرین نے صدر ٹرمپ سے واقعے کی بنیاد پر افغانوں کی امیگریشن درخواستیں نہ روکنےکی اپیل کردی۔