نیوزی لینڈ کے بعد اب جنوبی افریقہ بھی بھارت کو اس کی سرزمین پر ’کلین سوئپ‘ کرنے کے لیے تیار ہے، گوہاٹی ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق افریقہ کے ہاتھوں گواہاٹی ٹیسٹ میں بھارت پر واضح طور پر شکست کا خطرہ منڈلا رہا ہے، بھارت لگاتار دوسرے سال اپنی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کے خطرے سے دوچار نظر آرہا ہے، 549 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی چوتھے دن کھیل ختم ہونے تک صرف 27 رنز پر 2 وکٹیں گرچکی ہیں۔
پانچویں اور آخری دن جنوبی افریقہ کے خلاف بھارت کو جیت کے لیے 522 رن درکار ہونگے، بھارت ٹیسٹ میچ ڈرا کرنے میں بھی کامیاب رہا تو وہ سیریز میں تو شکست سے دوچار ہوجائیگا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے ہی بھارتی سرزمین پر ہونے والی 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری لیے ہوئے ہے اور ٹیسٹ میچ میں بھی اس کی فتح کے یقینی آثار نظر آرہے ہیں۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا شیڈول جاری کر دیا
جنوبی افریقہ نے گوہاٹی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 489 رن بنائے تھے، سینورن متھوسامی نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 109 رنز اسکور کیے جبکہ مارکو جانسن نے بھی 93 رنز بناکر ان کا ساتھ دیا، جواب میں بھارت پہلی اننگز 201 رن پر آل آؤٹ ہوگیا۔
جنوبی افریقہ نے بھارت کو فالو آن کروانے کے بجائے دوسری اننگز میں خود بلے بازی کی اور 5 وکٹ پر 260 رن بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی، پہلی اننگز میں 288 رنز کی سبقت کے ساتھ جنوبی افریقہ نے بھارت کو ٹیسٹ جیتنے کےلیے 549 رنز کا ہدف دیا تھا۔
چوتھے دن کھیل ختم ہونے پر نائٹ واچ مین کلدیپ یادو 4 رنز اور سائی سدرشن 2 رن بنا کر کریز پر موجود ہیں، جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو نانسن اور سائمن ہارمر نے اس اننگز میں ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
خیال رہے کہ ایشیا کی سرزمین پر 400 یا اس سے زیادہ رنز کا ہدف ٹیسٹ میں کبھی حاصل نہیں کیا گیا، دلچسپ بات یہ ہے کہ 2010 سے ٹیسٹ کرکٹ میں صرف 4 ہی مرتبہ 400 یا اس سے زیادہ رنز کا ہدف کامیابی کے ساتھ حاصل کیا گیا ہے۔