تین ملکی سیریز کی کامیاب میزبانی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، شہباز شریف

تین ملکی سیریز کی کامیاب میزبانی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، شہباز شریف

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کے کامیاب انعقاد اور فائنل میں پاکستان کی شاندار کامیابی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ نے نہ صرف پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے فروغ میں نیا اعتماد پیدا کیا بلکہ دنیا کو یہ پیغام بھی دیا کہ ملک کھیلوں کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر محفوظ اور تیار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے پر مشتمل یہ سہ ملکی سیریز اپنے معیار، جوش اور شاندار کارکردگی کے باعث یادگار رہی۔

انہوں نے کہاکہ تینوں ممالک کے کھلاڑیوں نے میدان میں کھیل کے اصل جذبے کا مظاہرہ کیا اور شائقین کرکٹ کو دلکش مقابلے دیکھنے کو ملے۔

یہ خبربھی پڑھیں :پاکستان نے سری لنکا کو شکست دیکر سہ ملکی سیریز اپنے نام کرلی

انہوں نے خصوصی طور پر سری لنکا اور زمبابوے کے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان ٹیموں کی شرکت نے پاکستانی عوام کے دل جیت لیے اور اس ایونٹ کی کامیابی میں ان کا کردار نمایاں رہا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فائنل میچ میں پاکستانی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا کہ نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں، مہارت اور لگن کے ساتھ ہر بڑے مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے کی مکمل اہلیت رکھتے ہیں۔

یہ خبربھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ ’منامہ‘، بحرینی قیادت کے ساتھ دفاع سمیت اہم شعبوں میں تعاون پراتفاق

پاکستان کی جانب سے کھیل کا جارحانہ مگر ذمہ دارانہ انداز ٹیم کی بڑھتی ہوئی پختگی کو ظاہر کرتا ہے انہوں نے ٹورنامنٹ کے انتظامی معاملات کو بھی سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں اس ایونٹ کا پُرامن اور شاندار انعقاد پاکستان کی اسپورٹس مینجمنٹ، سکیورٹی اداروں اور متعلقہ حکام کی مشترکہ کاوشوں کی واضح مثال ہےاس ایونٹ کے ذریعے ملک میں کھیلوں کی بحالی کے سفر کو نئی رفتار ملی ہے اور دنیا بھر کے کرکٹرز کا اعتماد مزید بڑھا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *