پاک فوج کی جانب عراقی سپیشل فورسز کی تربیت کا تیسرا مرحلہ مکمل، 446 اہلکاروں نے ٹریننگ حاصل کی

پاک فوج کی جانب عراقی سپیشل فورسز کی تربیت کا تیسرا مرحلہ مکمل، 446 اہلکاروں نے ٹریننگ حاصل کی

پاک فوج کی جانب سے عراقی فوج کی سپیشل فورسز کی ٹریننگ کا سلسلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ عراقی سپیشل فورسز کی یہ تربیت 24 ستمبر سے 29 نومبر تک نیشنل کاؤنٹر ٹیررزم سینٹر میں جاری رہی، جس کے دوران تربیت پانے والے اہلکاروں نے مختلف انسدادِ دہشت گردی آپریشنز اور جدید ٹیکٹیکل مہارتوں میں حصہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں تربیت مکمل کرنے والے عراقی اہلکاروں کی گریجوایشن تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررزم سینٹر میں منعقد ہوئی۔ یہ عراقی فورسز کے تیسرے بیچ کی گریجوایشن تھی، جس میں مجموعی طور پر 446 ٹرینیز نے ٹریننگ مکمل کی۔ تقریب میں پاکستان اور عراق کے سینیئر فوجی افسران نے شرکت کی اور دونوں ممالک کے دستوں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ٹریننگ کے دوران پاکستانی اور عراقی دستوں نے بہترین پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور بھرپور لگن کا مظاہرہ کیا۔ تربیتی مرحلے میں انسدادِ دہشت گردی کی مہارتوں، ٹیکٹیکل ڈرلز اور انٹیگریٹڈ مشن پلاننگ پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی گئی، تاکہ تربیت پانے والے اہلکار عملی میدان میں مزید مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ٹریننگ کے تمام اہداف کامیابی سے حاصل کر لیے گئے ہیں، جبکہ اس تربیتی تعاون سے پاکستان اور عراق کے درمیان فوجی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس اشتراکِ عمل نے نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دیا بلکہ علاقائی امن، آپریشنل تعاون اور مشترکہ سیکیورٹی مقاصد کے حوالے سے بھی مثبت پیش رفت کی نشاندہی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے کرم میں پاک افغان بارڈر پر مسلح افراد کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے تربیت پانے والے اہلکاروں کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ یہ تربیت ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں مزید کامیابی کا باعث بنے گی۔

Related Articles