پاکستان نے سری لنکا کو شکست دیکر سہ ملکی سیریز اپنے نام کرلی

پاکستان نے سری لنکا کو شکست دیکر سہ ملکی سیریز اپنے نام کرلی

سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرا کر سیریز اپنے نام کر لی۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 115 رنز کا ہدف دیا، جسے گرین شرٹس نے 8 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب کا آغاز پر اعتماد رہا۔ صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے 7.3 اوورز میں 46 رنز کی مضبوط شراکت قائم کی۔ اس دوران صاحبزادہ فرحان 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 2 چوکے شامل تھے، انہیں سری لنکن بولر ایشا ملنگا نے آؤٹ کیا۔

صائم ایوب اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹر تھے، جنہوں نے 36 رنز کی اننگز کھیلیں جس میں 6 چوکے شامل تھے، وہ ہسارانگا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ کپتان سلمان علی آغا صرف 14 گیندوں پر 14 رنز بنا کر پولین لوٹے، جبکہ ان کی وکٹ رتنائیکے کے حصے میں آئی۔ فخر زمان صرف 3 رنز بنا سکے اور انہیں بھی رتنائیکے نے آؤٹ کیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 84 رنز پر صرف ایک وکٹ کھو دی تھی، لیکن اگلے 30 رنز میں ان کے 9 کھلاڑی پویلین واپس جا چکے تھے۔ کامل مشرا 59 رنز کے ساتھ سری لنکا کے سب سے نمایاں بیٹر رہے، جن کی اننگز میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا میں لینڈسلائیڈنگ اور سیلاب سے 123 اموات، عالمی مدد کی اپیل کردی

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور محمد نواز نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد نے 2 وکٹیں لیں اور سلمان مرزا و صائم ایوب کو ایک، ایک وکٹ ملی۔

فائنل کے لیے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، فاسٹ بولر شاہین آفریدی پلیئنگ الیون میں واپس آئیں جبکہ وسیم جونیئر کو ڈراپ کیا گیا۔ سری لنکن ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، وہی ٹیم برقرار رکھی گئی جو آخری میچ میں پاکستان کو شکست دے چکی تھی۔

ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پچ عام پنڈی وکٹ جیسی نہیں ہے، تاہم 160 سے 170 رنز کا ٹوٹل قابل دفاع ہوگا اور ٹیم کو صرف معیاری کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ سری لنکن کپتان داسن شاناکا نے کہا کہ سرد موسم ان کے لیے کوئی مسئلہ نہیں اور اگر بیٹنگ میں 160 سے زائد اسکور مل جائے تو وہ اسے بونس سمجھیں گے۔

سری لنکا نے فائنل تک رسائی حاصل کرنے سے قبل زمبابوے اور آخری میچ میں پاکستان کو شکست دی تھی۔ فائنل کے روز کپتان سلمان علی آغا اور سری لنکن کپتان داسن شاناکا نے مقامی ہوٹل میں ٹرافی کے ہمراہ یادگار تصاویر بھی بنوائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق کا کیریئر کے حوالے سے بڑا اعلان

Related Articles