بالی وڈ کی معروف فلمساز اور ہدایتکارہ فرح خان نے انکشاف کیا ہے کہ فلم اوم شانتی اوم کی شوٹنگ کے ابتدائی دنوں میں انہوں نے دپیکا پڈوکون کو کیمرے کے سامنے آنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دپیکا پڈوکون نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2007 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم اوم شانتی اوم سے کیا تھا، جس میں ان کے مدمقابل سپر اسٹار شاہ رخ خان تھے۔
حال ہی میں اپنے ایک کوکنگ وی لاگ میں اداکارہ دیا مرزا سے گفتگو کرتے ہوئے فرح خان نے فلم کی شوٹنگ سے جڑی دلچسپ یادیں تازہ کیں اور بتایا کہ انہوں نے دپیکا کی تربیت پر خصوصی توجہ دی تھی۔
فرح خان کے مطابق دپیکا پڈوکون اگرچہ اس سے قبل ایک کنڑ فلم میں کام کر چکی تھیں، تاہم بالی وڈ میں بڑے ڈیبیو سے پہلے انہیں کئی ماہ تک باقاعدہ تربیت دی گئی۔ اس دوران انہوں نے اداکاری کی ورکشاپس، رقص کی کلاسز، لک ٹیسٹس اور تلفظ بہتر بنانے کی تربیت حاصل کی۔
ہدایتکارہ نے بتایا کہ انہوں نے دپیکا کو ہدایت دی تھی کہ وہ شوٹنگ کے پہلے 10 دن صرف سیٹ پر آئیں اور خاموشی سے شاہ رخ خان، شریاس تالپڑے اور دیگر اداکاروں کے کام کا مشاہدہ کریں۔
فرح خان نے کہا کہ ان کا مقصد دپیکا کو فلمی ماحول، کیمرے کے سامنے اداکاری کے انداز اور سینئر فنکاروں کے کام کرنے کے طریقے سے روشناس کرانا تھا تاکہ وہ اپنے کردار کے لیے بہتر انداز میں تیار ہو سکیں۔
گفتگو کے دوران دیا مرزا نے بھی اس بات کی نشاندہی کی کہ آج کے نئے اداکاروں کو انڈسٹری میں آنے سے پہلے باقاعدہ تربیت اور ورکشاپس کا موقع ملتا ہے، جبکہ ماضی میں ایسا کم دیکھنے میں آتا تھا۔
اس پر فرح خان نے کہا کہ انہوں نے دپیکا پڈوکون کی تیاری کے لیے کئی ماہ صرف کیے اور انہیں مختلف شعبوں میں تربیت دلوائی تاکہ وہ اپنے دوہرے کردار کو بہترین انداز میں نبھا سکیں۔
واضح رہے کہ اوم شانتی اوم نہ صرف دپیکا پڈوکون کی پہلی ہندی فلم تھی بلکہ اسی فلم نے انہیں راتوں رات بالی وڈ کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شامل کر دیا تھا۔