پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے انڈونیشیا کے صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے 6 جے ایف 17 جنگی طیاروں نے انڈونیشیا کے صدر کا شاندار استقبال کیا اور جیسے ہی انڈونیشیا کے صدر پرابووو سبیانتو کا طیارہ پاکستان کی حدود میں داخل ہوا، پاک فضائیہ کے طیاروں نے ان کے طیارے کو حصار میں لے کر منفرد انداز میں خوش آمدید کہا۔
پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے انڈونیشیا کے صدر پرابووو سبیانتو کو فضائی سلامی پیش کی۔ پاکستان کی حدود میں دی گئی یہ فضائی سلامی استقبال کے اس شاندار عمل کا حصہ تھی، جس نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کو اجاگر کیا۔
انڈونیشیا کے صدر نے پاکستان پہنچنے پر پاک فضائیہ، پاکستانی قیادت اور پاکستان کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں دیے گئے اس پرتپاک استقبال پر وہ شکر گزار ہیں۔
پاک فضائیہ کی جانب سے دیا گیا یہ شاندار استقبال دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کا مظہر ہے۔ پاکستان کی فضا میں ہونے والا پرتپاک استقبال دونوں ممالک کے مابین پائیدار دوستی اور بھائی چارے کا ثبوت ہے۔
پاکستان کی حدود میں برادر ممالک کو فضائی سلامی پیش کرنا جذبہ خیر سگالی کی روایات کا عکاس ہے، جس کے تحت انڈونیشیا کے صدر کو بھی پاکستان میں داخلے پر فضائی سلامی دی گئی۔
جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو آج دو روزہ سرکاری دورے پراسلام آباد پہنچے ہیں جہاں نور خان ایئر بیس پر ان کا وزیراعظم شہبازشریف اور صدر مملکت نے پرتپاک استقبال کیا ۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے صدر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے ، وزرا اور سینیئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی انڈونیشیا کے صدر ساتھ ہو گا، یہ صدر پرابووو کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، انڈونیشیا کی جانب سے آخری صدارتی دورہ 2018 میں صدر جوکو ویڈوڈو نے کیا تھا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق صدر پرابووو سوبیانتو اپنے 2 روزہ قیام کے دوران وزیرِاعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، وہ صدرِ آصف علی زرداری، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے۔