پنجاب حکومت سے مذاکرات کامیاب ،ٹریفک آرڈیننس پر عملدرآمد معطل،ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم

پنجاب حکومت سے مذاکرات کامیاب ،ٹریفک آرڈیننس پر عملدرآمد معطل،ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم

پنجاب حکومت اور ٹرانسپورٹزکے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، حکومت کی طرف سے ٹریفک آرڈیننس پر عملدر آمد معطل کردیا گیا جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کردی ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال رات گئے سے دوپہر تک جاری رہی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ریلوے اسٹیشنوں پر بھی رش بڑھ گیا۔

ہڑتال کی وجہ ٹریفک آرڈیننس کے تحت لگائے گئے بھاری جرمانے اور دیگر پابندیاں تھیں جنہیں ٹرانسپورٹرز نے فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے پاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عصمت اللہ نیازی اور دیگر اراکین تنویر خان، نبیل محمود اور ملک ندیم حسین سے مذاکرات کیے۔

یہ بھی پڑھیں :پنجاب میں بھاری ٹریفک چالانوں سے تنگ ٹرانسپورٹرز کا احتجاج کا اعلان

مذاکرات کے دوران وزیر ٹرانسپورٹ نے یقین دہانی کرائی کہ فی الحال ٹریفک آرڈیننس پر عمل درآمد معطل کیا جا رہا ہے اور ہڑتال کے دوران کسی بھی کمرشل گاڑی کے خلاف جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔کمیٹی کے ذریعے مختلف مسائل کے حل کے لیے ایک کام کرنے والی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے چیئرمین عصمت اللہ نیازی نے کہا کہ وزیر کی جانب سے دی گئی یقین دہانی کے بعد ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال معطل کی جا رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اب کمرشل گاڑیوں کے چالان نہیں ہوں گے اور تھانوں میں گاڑیاں بلاوجہ روکی نہیں جائیں گی انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر نوٹیفکیشن کے ذریعے آرڈیننس کی منسوخی کی تصدیق جلد جاری نہیں کی گئی تو ہڑتال دوبارہ شروع کی جا سکتی ہے۔

اسی دوران پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کے صدر شیر علی چوہدری نے زور دیا کہ آرڈیننس کی رسمی منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری ہونا ضروری ہے تاکہ ٹرانسپورٹرز کے تحفظات دور ہو سکیں اور وہ مستقبل میں بغیر کسی دباؤ کے اپنی خدمات انجام دے سکیں۔

editor

Related Articles