بیرونِ ملک روزگار کے خواہش مند پاکستانیوں کیلئے اہم سہولت فراہم کر دی گئی ہے جہاں ہزاروں ملازمتوں کی خالی آسامیاں آن لائن دستیاب ہیں، تاہم بیرونِ ملک جانے سے قبل ملازمت کی تصدیق کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی ویب سائٹ پر بیرونِ ملک روزگار کے خواہش مند پاکستانیوں کیلئے ہزاروں ملازمتوں کی خالی آسامیاں موجود ہیں، جہاں امیدوار مختلف ممالک میں دستیاب روزگار کے مواقع تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تصدیق بھی کر سکتے ہیں۔
بیورو کے مطابق ویب سائٹ کے ذریعے کسی بھی لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسی کی جانب سے پیش کی گئی ملازمت کی تفصیلات اور قانونی حیثیت کی جانچ ممکن ہے۔
پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس متعلقہ ریکروٹنگ ایجنسی کو بھرتی کی اجازت اس وقت جاری کرتا ہے جب آجر (ایمپلائر) کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات کی ایمیگریشن رولز 1979 کے تحت مقررہ اداروں، جن میں پاکستانی سفارت خانے، متعلقہ ملک کی وزارتِ خارجہ یا پاکستان میں قائم اس ملک کا سفارت خانہ شامل ہیں، سے تصدیق ہو جائے۔
بھرتی کیلئے جاری کیے جانے والے ہر اجازت نامے (پرمیشن) کو ایک منفرد نمبر دیا جاتا ہے، جس کا اشتہارات میں درج ہونا لازمی ہے۔
اجازت نامے کے اجرا کے بعد متعلقہ خالی آسامیاں خودکار نظام کے تحت ایک پرمیشن ٹریکنگ نمبر (پی ٹی این) کے ساتھ بیورو کی ویب سائٹ پر ظاہر ہو جاتی ہیں اور مقررہ مدت ختم ہونے یا بھرتی کا عمل مکمل ہونے پر خودکار طور پر ہٹا دی جاتی ہیں۔
بیورو نے واضح کیا ہے کہ ان آسامیوں پر بھرتی کیے جانے والے افراد کی ملازمت اور معاہدے سے متعلق تمام تر ذمہ داری متعلقہ ریکروٹنگ ایجنسی پر عائد ہوتی ہے۔
کسی بھی شکایت کی صورت میں متاثرہ افراد بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ یا پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس سے رجوع کر سکتے ہیں۔