معروف فٹبالر لیونل میسی نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا

معروف فٹبالر لیونل میسی نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے امریکی فٹبال لیگ میں ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے ’سب سے قیمتی کھلاڑی‘ (ایم وی پی) ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق میسی نے یہ اعزاز مسلسل دوسری مرتبہ حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کی ہے، اور وہ امریکی لیگ میں لگاتار 2 بار ایم وی پی ایوارڈ جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے فٹبالرز کی فہرست جاری پہلے نمبر پر کون ؟

رپورٹس کے مطابق میسی کی شاندار فارم، عمدہ گول اسکورنگ ریکارڈ اور مسلسل اعلیٰ کارکردگی اس اعزاز کا بنیادی سبب قرار دی جا رہی ہے۔ گزشتہ سیزن میں بھی میسی نے اپنی ٹیم کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کیا تھا اور نہ صرف اہم میچوں میں گول اسکور کیے بلکہ اپنے تجربے اور مہارت سے ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو بھی بہتر بنایا۔

اس سیزن میں میسی نے کئی یادگار پرفارمنس پیش کیں، جن میں اہم گولز، اسسٹ اور میدان میں جارحانہ کھیل شامل ہے۔ امریکی اسٹیڈیاز میں میسی کے میچز ہمیشہ بڑی تعداد میں شائقین کو اپنی جانب کھینچتے رہے، جس سے لیگ کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

واضح رہے کہ میسی کی موجودگی نے نہ صرف بین الاقوامی سطح پر لیگ کا امیج بہتر بنایا بلکہ مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے میں بھی مدد ملی۔

مزید پڑھیں:آسٹریلوی اخبار نےتاریخ کے50عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی

امریکی لیگ حکام نے بھی میسی کی کارکردگی کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے کھیل، پروفیشنلزم اور مستقل مزاجی نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ میسی جیسے عالمی اسٹار کا حصہ بننا لیگ کے لیے اعزاز ہے اور ان کی موجودگی مستقبل میں بھی امریکی فٹبال کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

میسی کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر بھی ان کی اس کامیابی کا بھرپور جشن منایا اور انہیں تاریخ کا سب سے عظیم فٹبالر قرار دیتے ہوئے مزید کامیابیوں کی دعا کی۔ کھیلوں کے تجزیہ کاروں کے مطابق میسی کی موجودہ فارم دیکھتے ہوئے یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ آئندہ سیزن میں بھی اس ایوارڈ کے مضبوط امیدوار ہوں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *