اسلام آباد ہائیکورٹ نے یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی 10 روزہ راہداری ضمانت منظورکرلی ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی 10 دن کی راہداری ضمانت منظور کر لی، کیس کی سماعت عدالتِ عالیہ کے جسٹس انعام امین منہاس نے کی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف کراچی میں بھی مقدمہ درج ہے لہٰذا انہیں 15 روز کی راہداری ضمانت دی جائے تاہم عدالت نے 10 دن کی راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ دس دن کی راہداری ضمانت دے رہے ہیں، متعلقہ عدالت سے رجوع کر لیں۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے گیمبلنگ ایپ اور سائبر کرائم کے کیسز میں یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی آج تک کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کرنے پر گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے عدالت پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
خیال رہے کہ پولیس اور ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف سائبر کرائم سمیت متعدد مقدمات درج ہیں جن کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ یوٹیوب پر رجب بٹ کے 8.2 ملین سے زیادہ سبسکرائبرز اور انسٹاگرام پر 2.7 ملین فالوورز ہیں وہ کچھ عرصہ سے برطانیہ میں مقیم تھے، ایک روز قبل ہی برطانیہ نے پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کو ملک بدر کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم نانی والا برطانیہ سے برٹش ایئرویز کی پرواز بی اے 2161 کے ذریعے اسلام آباد پہنچے۔
رجب بٹ کی ملک بدری کی وجہ ان کا برطانوی ویزے کی منسوخی بنا اور ہوم ڈیپارٹمنٹ نے یوٹیوبر کو تحریری طور پر آگاہ کردیا تھا جبکہ اس سے قبل اُن کے پاس 2027 تک کا ویزہ تھا، رجب بٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ محکمہ داخلہ کے فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔