پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پہلی بار ٹیم کو فیفا ویمنز سیریز میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے مطابق فیفا نے باقاعدہ طور پر اس شمولیت کی منظوری دے دی ہے، جسے ملک میں تیزی سے فروغ پاتی ہوئی ویمنز فٹبال کا ایک بڑا اعتراف قرار دیا جارہا ہے۔
پی ایف ایف کا کہنا ہے کہ فیفا سیریز میں شرکت سے نہ صرف پاکستان ویمنز نیشنل ٹیم کو عالمی سطح پر مقابلوں کا قیمتی تجربہ حاصل ہوگا بلکہ یہ عمل کھلاڑیوں کے لیے ایک ’نئے دور‘ کا آغاز بھی ثابت ہوگا۔
فیڈریشن کے مطابق یہ قدم خواتین فٹبالرز کی محنت، لگن اور ان کے کھیل میں نمایاں بہتری کا نتیجہ ہے، جو مستقبل میں بین الاقوامی فٹبال کے دروازے مزید وسیع کرے گا۔
ادھر فیفا نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ویمنز سیریز 2026 مارچ اور اپریل میں منعقد ہوگی، جس کا آغاز برازیل، آئیوری کوسٹ اور تھائی لینڈ میں مختلف مرحلوں کے ساتھ کیا جائے گا۔ اس سیریز کا مقصد ویمنز نیشنل ٹیموں کو زیادہ سے زیادہ عالمی فٹبال کا حصہ بنانا اور ان کی ریٹنگ، تجربات اور مسابقتی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
فیفا کے مطابق خواتین فیفا سیریز کے تمام گروپس اور میزبان ممالک کا تفصیلی اعلان 2026 کے اوائل میں کیا جائے گا، جس کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم کے ممکنہ حریفوں اور شیڈول کے بارے میں حتمی معلومات سامنے آئیں گی۔
پی ایف ایف نے اس پیش رفت کو پاکستانی خواتین کے لیے ایک ’بڑی کامیابی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس شمولیت سے ملک میں ویمنز فٹبال کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو مزید تقویت ملے گی۔