ٹک ٹاک نے لاکھوں صارفین کے لیے خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے ایپ میں دو اہم اور دلچسپ فیچرز شامل کر دیے ہیں، جن کا مقصد پلیٹ فارم پر صارفین کے تجربے کو مزید بہتر اور باہمی رابطے کو مضبوط بنانا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ نئے فیچرز آنے والے مہینوں میں بتدریج دنیا بھر میں صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے، جبکہ کچھ فیچرز منتخب صارفین کے لیے پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔
ان میں سب سے اہم فیچر شیئرڈ فیڈ ہے ، جو ٹک ٹاک کے سوشل تجربے کو ایک نئی جہت دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنے دوستوں اور خاندان کے ساتھ ویڈیوز اکٹھے دیکھ سکیں گے، جس سے دیکھنے کا عمل زیادہ انٹرایکٹو اور مشترکہ دلچسپیوں پر مبنی ہو جائے گا۔
شیئرڈ فیڈ کو ڈائریکٹ میسجز کے ذریعے شیئر کیا جا سکے گا، اور اس میں شامل افراد کے ذاتی رجحانات کے مطابق ویڈیوز دکھائی جائیں گی۔
ٹک ٹاک نے بتایا ہے کہ یہ فیچر روزانہ تقریباً 15 ویڈیوز فراہم کرے گا، جو صارفین کو نئے مواد کی تلاش کا مشترکہ اور دل چسپ طریقہ فراہم کرے گا، اس کے ساتھ ساتھ ایک خصوصی ڈیش بورڈ بھی تیار کیا گیا ہے، جہاں صارفین اپنی شیئرڈ لائیک ہسٹری، مشترکہ سرگرمیوں اور دوسرے اہم ڈیٹا کو بآسانی دیکھ سکیں گے۔
ٹک ٹاک نے دوسرا اہم فیچر شیئرڈ کلیکشنز متعارف کرایا ہے، جو شیئرڈ فیڈ سے کچھ حد تک مشابہ ضرور ہے، مگر اس کا مقصد ویڈیوز کو محفوظ کرنا، ترتیب دینا اور دوسروں کے ساتھ شیئر کرنا ہے۔
صارفین کسی بھی ویڈیو کو سیو کرکے اسے براہِ راست ڈائریکٹ میسج کے ذریعے اپنے دوستوں یا عزیزوں کو بھیج سکیں گے، تاہم یہ فیچر صرف اُن صارفین کے لیے دستیاب ہوگا جن کی عمر کم از کم 16 سال ہوگی۔
مزید برآں، ٹک ٹاک نے صارفین کے لیے ہالیڈے کارڈز بھی متعارف کرائے ہیں، جنہیں تہواروں کے موقع پر ڈائریکٹ میسجز کے ذریعے بھیجا جا سکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ کارڈز دسمبر کے آخر تک تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے، جو پلیٹ فارم پر تہواروں کی خوشی کو مزید رنگین بنا دیں گے۔