سندھ، پنجاب ، خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں شدیددھند، موٹر وے کے مختلف سیکشنزبند

سندھ، پنجاب ، خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں شدیددھند، موٹر وے کے مختلف سیکشنزبند

سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقے آج  شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں ، دھند کے سبب موٹروے کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حد نگاہ متاثر ہونے پر موٹر وے ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے ہرن مینار ، ایم تھری شرقپور سے فیض پور ، ایم فور شیر شاہ انٹرچینج سے شام کوٹ انٹرچینج، ایم فائیو ظاہر پیر سے شیر شاہ اور روہڑی سے پنو عاقل تک بند ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق یہ بندش عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق قومی شاہراہ پر دھند کا سلسلہ برقرار ہے جس سے حد نگاہ شدید متاثر ہے،  موٹروے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی سنگین حادثات کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے ڈرائیورز لین ڈسپلن کی سختی سے پابندی کریں۔

سفر کرنے والے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، کیونکہ دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔

سفر کے دوران ڈرائیور حضرات اپنی گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں، وائپرز درست حالت میں رکھیں، اگلی گاڑی سے معمول سے زیادہ فاصلہ رکھیں اور ہائی بیم لائٹس کا استعمال ہرگز نہ کریں کیونکہ اس سے حدِ نگاہ مزید کم ہو جاتی ہے۔

مزید پڑھیں:محکمہ موسمیات نے ملک میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کردی

موٹر وے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر سفر شروع کرنے سے قبل تازہ ترین صورتحال جاننے کیلئے ہیلپ لائن نمبر 130، ایف ایم 95 ریڈیو اور سوشل میڈیا استعمال کریں، عوام کی جانیں اور مال محفوظ رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے، موٹروے پولیس کی ٹیمیں 24 گھنٹے چوکس ہیں اور ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی بدستور برقرار، کچھ دیر پہلے لاہور 500 ایئر پارٹیکولیٹ میٹر کے ساتھ پنجاب کا آلودہ ترین شہر تھا۔

محکمہ ماحولیات پنجاب کی ویب سائٹ کے مطابق گوجرانوالہ کا اے کیو آئی 429، رحیم یار خان کا 371 اور فیصل آباد کا 337 ریکارڈ کیا گیا، عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق لاہور دنیا کے بڑے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان بھر میں بارشیں، پہاڑوں پر برف باری کب شروع ہو رہی ہیں؟، محکمہ موسمیات کی تازہ پیش گوئی جاری

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد کی لہر برقرار رہے گی ، جبکہ پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ چھائی رہے گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *