سردی کی شدت میں اضافے سے متعلق محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

سردی کی شدت میں اضافے سے متعلق محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

محکمۂ موسمیات پاکستان نے ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں موسم کی شدت بڑھنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک نیا مغربی ہواؤں کا سلسلہ 12 دسمبر سے ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری اور سردی میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق 13 سے 15 دسمبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش متوقع ہے، جبکہ مری اور گلیات سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ ادارے نے واضح کیا کہ بارش اور برفباری موسم کو مزید سرد بنا دیں گے۔

خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع، جن میں پشاور، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، صوابی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ اور بونیر شامل ہیں، میں بھی بارش اور بلند مقامات پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح، بلوچستان میں 14 اور 15 دسمبر کے دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور ژوب میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔ محکمہ کے مطابق سندھ کے بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں مہنگائی میں اضافے کا امکان ہے، آئی ایم ایف

ادھر کشمیر اور گلگت بلتستان میں 12 سے 16 دسمبر تک بارش اور شدید برفباری متوقع ہے، جس کے باعث خطے میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

محکمۂ موسمیات نے تنبیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش اور برفباری کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کے خدشات موجود ہیں، جبکہ شدید سردی معمولات زندگی کو متاثر کر سکتی ہے۔ شہریوں، مسافروں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی صورتحال سے متعلق اپڈیٹس سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *