امریکا کی 20 ریاستوں نے ایچ ون بی ویزا کی نئی فیس کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ ریاستوں نے بوسٹن کی فیڈرل کورٹ میں مشترکہ درخواست دائر کی ہے، جس میں صدر ٹرمپ کے اقدامات کو غیر آئینی اور اختیارات سے تجاوز قرار دیا گیا ہے۔
کیلیفورنیا سمیت 20 امریکی ریاستوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کو اتنی بھاری فیس عائد کرنے کا اختیار حاصل نہیں اور یہ اقدام امریکی وفاقی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔
کیلیفورنیا کے اٹارنی جنرل روب بونٹا نے کہا ہے کہ امیگریشن قوانین کے تحت ویزا فیس صرف انتظامی اخراجات پورے کرنے تک محدود ہو سکتی ہے، جبکہ ایک لاکھ ڈالر کی فیس اس حد سے کہیں زیادہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نئی فیس سے تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں پر اضافی مالی دباؤ پڑے گا، جس سے افرادی قوت کی قلت مزید بڑھے گی اور عوامی خدمات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ایچ ون بی ویزا پروگرام کے تحت امریکی کمپنیاں غیر ملکی ماہر اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کو ملازمت فراہم کرتی ہیں، خاص طور پر ٹیکنالوجی، تعلیم اور صحت کے شعبے اس پروگرام پر بڑی حد تک انحصار کرتے ہیں۔ مقدمے میں شامل ریاستوں میں نیویارک، میساچوسٹس، الی نوائے، نیو جرسی اور واشنگٹن شامل ہیں۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا مؤقف ہے کہ نئی فیس قانونی ہے اور اس کا مقصد ایچ ون بی پروگرام کے مبینہ غلط استعمال کو روکنا ہے۔ یہ مقدمہ ان متعدد قانونی کارروائیوں میں سے ایک ہے جو ٹرمپ کے اس فیصلے کے خلاف دائر کی گئی ہیں، جبکہ امریکی چیمبر آف کامرس اور مختلف کاروباری، مذہبی اور مزدور تنظیمیں بھی اس فیس کو عدالت میں چیلنج کر چکی ہیں۔
واشنگٹن میں ایک وفاقی جج آئندہ ہفتے اس معاملے پر سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ ٹرمپ کے حکم کے تحت نئے ایچ ون بی ویزا رکھنے والوں کو امریکا میں داخلے کی اجازت اس وقت تک نہیں دی جائے گی جب تک متعلقہ کمپنی ایک لاکھ ڈالر فیس ادا نہ کرے، تاہم یہ پابندی پہلے سے موجود ویزا ہولڈرز یا 21 ستمبر سے قبل درخواست دینے والوں پر لاگو نہیں ہوگی۔
بوسٹن کی فیڈرل کورٹ میں ریاستوں نے مشترکہ طور پر درخواست دائر کی ہے، جس میں صدر ٹرمپ کے اقدامات کو اختیارات سے تجاوز قرار دیا گیا ہے۔ رواں سال ستمبر میں صدر نے ایچ ون بی ویز کی فیس بڑھا کر ایک لاکھ ڈالر کر دی تھی، جبکہ پہلے یہ فیس دو ہزار سے پانچ ہزار ڈالر کے درمیان تھی۔ یوایس چیمبر آف کامرس نے پہلے ہی فیصلے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی، اور فیس کی مخالفت کرنے والی ریاستوں میں نیویارک، واشنگٹن، نیوجرسی اور دیگر شامل ہیں۔