شدید دھند، متعدد موٹرویز اور قومی شاہراہیں بند، شہریوں کے لیے نیا انتباہ جاری

شدید دھند، متعدد موٹرویز اور قومی شاہراہیں بند، شہریوں کے لیے نیا انتباہ جاری

پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید دھند کے باعث موٹروے پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا ہے، جبکہ قومی شاہراہوں پر بھی حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ’موٹروے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے‘۔ اسی طرح ’موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک، موٹروے ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک اور لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 بھی شدید دھند کے باعث بند ہیں‘۔ ترجمان نے بتایا کہ ’موٹرویز کی عارضی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ، پنجاب ، خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں شدیددھند، موٹر وے کے مختلف سیکشنزبند

موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر بھی مختلف مقامات پر دھند چھائی ہوئی ہے، جن میں ’مانگا منڈی، پھول نگر، جمبر، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، اقبال نگر اور میاں چنوں‘ شامل ہیں، جہاں حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ’دھند میں لین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ڈرائیور حضرات لین ڈسپلن کی سختی سے پابندی کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے‘۔

موٹروے پولیس کے مطابق ’موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک، ایم 3 فیض پور سے درخانہ، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان، ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 دھند کے باعث بند کر دی گئی ہیں‘۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال بہتر ہونے پر موٹرویز کو مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج، موٹر ویز متعدد مقامات سے بند کر دی گئی

موٹروے پولیس نے سفر کرنے والے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ’دھند میں دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں کیونکہ محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں‘۔ ترجمان کے مطابق ’رات اور علی الصبح دھند کی شدت میں اضافہ ہو جاتا ہے، جو حادثات کے خطرے کو بڑھا دیتا ہے‘۔

ڈرائیورز کے لیے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ’فوگ لائٹس کا لازمی استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں‘۔ موٹروے پولیس نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کسی بھی قسم کی رہنمائی یا مدد کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے‘۔

حکام نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ دھند کے باعث پیش آنے والے ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے اور ٹریفک نظام کو محفوظ رکھا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *