بلوچستان میں افواج پاکستان اور حکومتِ کا مشترکہ ترقیاتی پروگرام شروع، ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم

بلوچستان میں افواج پاکستان اور حکومتِ کا مشترکہ ترقیاتی پروگرام شروع، ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم

پاک فوج، ایف سی اور سول انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے حکومتِ بلوچستان نے صوبے میں جامع ترقیاتی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور دیرینہ مسائل کے حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو ’بی ایس ڈی آئی‘ کے تحت صوبے کے 35 اضلاع میں مجموعی طور پر 969 ترقیاتی منصوبے شامل کیے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان کی ترقی پاکستان کی مجموعی خوشحالی سے جڑی ہے : وزیراعظم

حکام کے مطابق ضلعی سطح پر قائم کمیٹیاں عوامی ضروریات کے مطابق تاخیر شدہ اور اہم منصوبوں کی بروقت نشاندہی کر رہی ہیں، جبکہ ان کی منظوری اور تکمیل کے مراحل کو بھی تیز کیا گیا ہے۔

ایف سی بلوچستان نارتھ کے زیرِ انتظام اضلاع میں ’بی ایس ڈی آئی‘ کے تحت 8 ہزار 705 ملین روپے سے زیادہ مالیت کے ترقیاتی منصوبے زیرِ تکمیل ہیں۔ ان اضلاع میں اب تک 44 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، 75 منصوبوں کے ورک آرڈر جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 90 منصوبے تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر کوئٹہ نے دونوں مراحل میں شامل تمام ترقیاتی منصوبے 30 مئی 2026 تک مکمل کرنے کی واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق پروجیکٹ امپلیمنٹیشن یونٹ ’پی آئی یو‘ کے ذریعے منصوبوں کے معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کی مؤثر نگرانی مسلسل جاری ہے تاکہ عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات مقررہ وقت پر مل سکیں۔

مزید پڑھیں:ن لیگ کا سیاسی وژن بلوچستان کی ترقی، دیگر جماعتیں پسماندگی پر پھلتی پھولتی ہیں، احسن اقبال

ترقیاتی منصوبوں پر مقامی عوام نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ’سول انتظامیہ، پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کے باہمی اشتراک سے ترقیاتی عمل کو نئی جہت ملی ہے، جس سے نہ صرف بنیادی سہولیات میں بہتری آ رہی ہے بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے‘۔

حکام کے مطابق ’بی ایس ڈی آئی‘ کے تحت تعلیم، صحت، سڑکوں، پانی اور دیگر بنیادی انفرااسٹرکچر کے منصوبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے، جس کا مقصد بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا ہے۔

Related Articles