پاکستان کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر شعیب اختر نے بنگلا دیش پریمیئر لیگ ’بی پی ایل‘ میں شمولیت اختیار کر لی ہے، جہاں وہ ڈھاکا کیپیٹلز کے مینٹور کے طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شعیب اختر نے باقاعدہ طور پر بطور مینٹور ڈھاکا کیپیٹلز کو جوائن کر لیا ہے اور وہ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کو فاسٹ بولنگ، فٹنس اور میچ کے دباؤ سے نمٹنے کے حوالے سے رہنمائی فراہم کریں گے۔ شعیب اختر کی شمولیت کو ڈھاکا کیپیٹلز کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ ان کا وسیع تجربہ ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
شعیب اختر، جو اپنی غیر معمولی رفتار اور جارحانہ بولنگ کے باعث ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کے نام سے جانے جاتے ہیں، اس سے قبل بھی مختلف لیگز اور پلیٹ فارمز پر نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کر چکے ہیں۔ ان کی موجودگی سے نہ صرف ٹیم کے بولرز کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے بلکہ مجموعی طور پر ٹیم کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش پریمیئر لیگ کا آغاز 26 دسمبر بروز جمعہ سے ہو رہا ہے۔ ایونٹ کے لیے کچھ پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی شرکت کی اجازت دیتے ہوئے این او سیز جاری کر دیے گئے ہیں، جس کے باعث شائقین کرکٹ کو پاکستانی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی دلچسپ کارکردگی دیکھنے کا موقع ملے گا۔
کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ ’بی پی ایل میں شعیب اختر کی بطور مینٹور شمولیت لیگ کی مقبولیت میں اضافے کا باعث بنے گی‘، جبکہ شائقین بھی سابق پاکستانی اسٹار کو ایک نئے کردار میں دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔