نئے سال پر تنخواہ دار طبقے کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

نئے سال پر تنخواہ دار طبقے کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

نئے سال کی آمد کے موقع پر حکومت نے تنخواہ دار طبقے کے لیے خوش آئند اعلان کرتے ہوئے ٹیکسوں میں کمی اور مالی ریلیف فراہم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

وزیر مملکت رانا احسان افضل نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران ملازمت پیشہ افراد پر عائد ٹیکس کا بوجھ کم کیا جائے گا، تاکہ انہیں مہنگائی کے دباؤ سے کچھ حد تک نجات مل سکے، حکومت تنخواہ دار طبقے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور انہیں واضح اور عملی ریلیف فراہم کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

رانا احسان افضل نے مزید کہا کہ حکومت پہلے ہی بجلی کی قیمتوں میں کمی کر چکی ہے، جس سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچا ہے ، توانائی کے نرخوں میں کمی صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ عام صارفین کے لیے بھی سہولت کا باعث بنے گی۔

 انہوں نے زور دیا کہ تنخواہ دار طبقہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور سب سے زیادہ ٹیکس بھی یہی طبقہ ادا کرتا ہے، اس لیے ان پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں ایسے اقدامات متعارف کروانے جا رہی ہے جن سے ملازمت پیشہ افراد کو حقیقی اور دیرپا ریلیف حاصل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : اپنی گاڑی خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خبر ، حکومت کا اہم فیصلہ

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ملک میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کا بہتر ہونا بے حد ضروری ہے، جہاں سکیورٹی بہتر ہوتی ہے وہاں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری خود بخود آنا شروع ہو جاتی ہے۔

رانا احسان افضل نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اب آہستہ آہستہ مشکل معاشی حالات سے باہر نکل چکا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب ملک کے دیوالیہ ہونے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے، تاہم اب معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں ، اگرچہ ملک کو اب بھی کئی چیلنجز درپیش ہیں، لیکن مجموعی طور پر معیشت استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے اور سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار بنایا جا چکا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے مختلف شعبوں میں اصلاحاتی اقدامات متعارف کروائے ہیں، جن میں ٹیکس نظام کی بہتری بھی شامل ہے،  ان اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکس نیٹ میں نمایاں وسعت آئی ہے اور ٹیکس دہندگان کی تعداد میں تقریباً 30 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے، جو معیشت کے استحکام کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *