گاڑی اور موٹر سائیکل مالکان کے بڑی خبر

گاڑی اور موٹر سائیکل مالکان کے بڑی خبر

پیٹرول بھروانے والے شہریوں کو پوری مقدار میں پیٹرول کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی انفورسمنٹ ٹیمیں ملک بھر میں فعال ہو گئی ہیں۔ اوگرا نے صارفین کے مفادات کے تحفظ اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے پیٹرول پمپس کی جانچ کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس کے معائنے کے لیے انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ چیئرمین اوگرا مسرور خان نے بھی انفورسمنٹ ٹیم کے ہمراہ مختلف پیٹرول پمپس کا دورہ کیا، جہاں موقع پر صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ان دوروں کا مقصد صارفین کو درپیش مسائل کی نشاندہی اور پیٹرول پمپس پر جاری طریقہ کار کی جانچ تھا۔

معائنے کے دوران پیٹرول پمپس کی قانونی حیثیت، لائسنس کی موجودگی اور دیگر ضروری دستاویزات کی مکمل جانچ کی گئی۔ اس کے علاوہ پیٹرولیم مصنوعات کے دستیاب اسٹاک کا بھی تفصیلی معائنہ کیا گیا تاکہ کسی ممکنہ قلت یا غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کا پتہ لگایا جا سکے۔ اوگرا حکام نے اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ صارفین کو پیٹرول کی مکمل اور درست مقدار فراہم کی جا رہی ہو۔

چیئرمین اوگرا مسرور خان نے انفورسمنٹ ٹیموں کو ہدایت دی کہ قوانین اور ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوگرا کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کیا مستقبل میں استعمال شدہ گاڑیاں سستی ہوں گی یا مہنگی؟، حکومت کی طرف سے بڑا فیصلہ متوقع

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق مختلف خبریں گردش کر رہی تھیں۔ تاہم آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے ان خبروں کو مسترد کر دیا تھا اور 15 دسمبر کو پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

ترجمان اوگرا نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق زیر گردش تمام خبریں محض قیاس آرائیاں ہیں اور قیمتوں میں کمی یا اضافے کے بارے میں کسی قسم کا ابتدائی کام یا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق مقررہ وقت پر کیا جاتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *