امریکی سفارتخانے کا جعلی کارڈ رکھنے والے ایک افغان شہری کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، جو خود کو سفارتخانے کا اہلکار ظاہر کر کے حساس علاقوں میں آمد و رفت کرتا رہا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار افغان شہری کی شناخت حارث کے نام سے ہوئی ہے، جو اس سے قبل بھی مختلف فراڈ کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
تفصیلات کے مطابق افغان شہری حارث جعلی کارڈ بنا کر خود کو امریکی سفارتخانے کا اہلکار ظاہر کرتا تھا۔ اس حوالے سے امریکی سفارتخانے کی جانب سے بھی متعلقہ اداروں کو شکایت موصول ہوئی تھی. پولیس اور انٹیلی جنس افغان شہری کی سرگرمیوں پر نظر رکھی گئی اور اس کی نشاندہی پہلے ہی کر لی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق افغان شہری حارث ایک گاڑی میں سوار ہو کر دو خواتین کے ہمراہ ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہوا جہاں پولیس اور انٹیلی جنس اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران اس کے قبضے سے جعلی سفارتی کارڈ برآمد ہوا، جسے وہ امریکی سفارتخانے سے منسوب کر کے استعمال کر رہا تھا۔