پانی، بجلی اور گیس کے بعد اب ’’صفائی‘‘ کا بل بھی دینا ہوگا

پانی، بجلی اور گیس کے بعد اب ’’صفائی‘‘ کا بل بھی دینا ہوگا

پنجاب حکومت نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گھروں سے کوڑا اٹھانے اور صفائی کی خدمات کے عوض ٹیکس وصول کرنے کا باقاعدہ طریقہ کار طے کر لیا ہے۔ حکومت کی جانب سے کیے گئے ان نئے انتظامات کا مقصد صوبے بھر میں صفائی کے نظام کو مؤثر بنانا اور عوامی مقامات کو صاف ستھرا رکھنا ہے۔

نئے طریقہ کار کے مطابق صاف ستھرا پنجاب صفائی بل اب محکمہ ایکسائز وصول کرے گا۔ شہریوں کو ابتدائی طور پر چھ ماہ تک ماہانہ بنیادوں پر صفائی بل ادا کرنا ہوگا۔ جنوری 2026 سے محکمہ ایکسائز ماہانہ بنیاد پر یہ بل وصول کرنا شروع کرے گا، جبکہ جون 2026 سے اس نظام میں مزید تبدیلی کی جائے گی اور ماہانہ کے بجائے سالانہ بنیاد پر صفائی بل وصول کیا جائے گا۔

حکومتی فیصلے کے تحت 3 مرلہ تک کے گھروں پر کسی قسم کا کوڑا ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔ تاہم 5 مرلے سے لے کر 2 کنال تک کے گھریلو صارفین سے 300 روپے سے 2 ہزار روپے تک صفائی بل وصول کیا جائے گا۔ اسی طرح کمرشل صارفین کے لیے اربن ریٹ کے تحت 500 روپے سے 2 ہزار روپے تک صفائی بل مقرر کیا گیا ہے۔

پروگرام کے تحت دیہی علاقوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ دیہی گھریلو صارفین کو 200 روپے سے 400 روپے تک صفائی بل ادا کرنا ہوگا، جبکہ دیہی کمرشل صارفین کے لیے 300 روپے سے ایک ہزار روپے تک صفائی بل مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا افغان طالبان حکومت کو سخت ڈیمارش جاری، افغان سرزمین سے دہشت گرد حملوں پر شدید تشویش کا اظہار

دوسری جانب پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں کوڑا کرکٹ پھیلانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی تیاری بھی مکمل کر لی ہے۔ حکومت نے عوامی مقامات پر کوڑا جلانے یا پھینکنے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ اس پالیسی کے تحت یکم جنوری سے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں اور قید کی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

نئے اقدامات کے مطابق کوڑا جلانے پر پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ اور تین سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔ اگر ٹائروں کو جلایا گیا تو سزا مزید سخت ہوگی، جس کے تحت پانچ لاکھ روپے جرمانہ اور سات سال تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

پنجاب حکومت نے مختلف اقسام کی گندگی پھیلانے پر الگ الگ جرمانے بھی مقرر کر دیے ہیں۔ گھر، دکان یا فیکٹری کے باہر کوڑا پھینکنے پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔ اسی طرح گلی یا محلے کے نالوں میں کوڑا ڈالنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا، جبکہ جانوروں کی آلائشیں یا باقیات پھینکنے کی صورت میں 50 ہزار روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد صوبے میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانا اور عوام میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *