صدر مملکت آصف علی زرداری سرکاری دورے پر عراق کے دارالحکومت بغداد پہنچ گئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیابغداد پہنچنے پرعراقی صدرعبداللطیف جمال راشد نے صدر آصف علی زرداری کا خیرمقدم کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
صدر مملکت نے شاندار استقبال پر عراقی صدر اور حکومت کا شکریہ ادا کیا،دورے کے دوران دونوں ممالک کے صدور کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں پاکستان اور عراق کے وفود کے درمیان بھی مذاکرات ہوئے، جن میں سیاسی، معاشی اور سفارتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے بغداد کو تہذیب، ثقافت اور استقامت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہر تاریخی ورثے اور اقدار کا مظہر ہے۔
انہوں نے حالیہ پارلیمانی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر عراق کی قیادت اور عوام کو مبارکباد بھی پیش کی صدر مملکت نے عراق میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔
دونوں صدور نے پاکستان اور عراق کے درمیان تعلقات میں حالیہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط، تجارتی سرگرمیوں اور کاروباری تعاون کو مزید وسعت دی جائے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ باہمی تعاون سے نہ صرف دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ خطے میں استحکام اور ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔دونوں ممالک نے مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔