فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے گاڑیوں کی خرید و فروخت سے متعلق ایک اہم اور سخت فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت کیش میں گاڑیاں خریدنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ایف بی آر حکام کے مطابق اب 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی گاڑی اگر بینکنگ چینلز کے بغیر، یعنی کیش میں خریدی گئی تو خریدار پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اس فیصلے پر عملدرآمد کے لیے ایف بی آر نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ گاڑی کی ملکیت منتقلی کے وقت اگر یہ ثابت ہو جائے کہ لین دین نان بینکنگ چینلز کے ذریعے کیا گیا ہے تو خریدار سے گاڑی کی مجموعی مالیت کا 10 فیصد تک جرمانہ وصول کیا جا سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد معیشت کو دستاویزی بنانا، کالے دھن کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنا اور غیر قانونی مالی لین دین پر قابو پانا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق بینکنگ نظام کے ذریعے ادائیگی کو فروغ دینے سے شفافیت بڑھے گی اور مالی نظام مضبوط ہو گا۔
ایف بی آر حکام کے مطابق یہ فیصلہ ملک بھر میں گاڑیوں کی خرید و فروخت کے طریقہ کار کو منظم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ اور ریونیو کلیکشن بہتر ہونے کی توقع ہے۔