محکمہ پاسپورٹس نے شہریوں کے لیے ایک جدید اور شفاف سسٹم متعارف کروا دیا ہے جس سے پاسپورٹ درخواستوں، پرنٹنگ اور کارکردگی کی مکمل مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اب نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پاسپورٹ کی درخواستوں اور ڈیلیوری کے مراحل کی رئیل ٹائم نگرانی کی جا سکے گی۔
ڈی جی پاسپورٹس کی ہدایت پر ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی 24/7 مانیٹرنگ روم قائم کیا گیا ہے، جہاں ڈیجیٹل اینٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ کے ذریعے روزانہ کے آپریشنز کی مانیٹرنگ اور جائزہ لیا جائے گا۔
اس نئے سسٹم کے تحت پاسپورٹ درخواست سے لے کر ڈیلیوری تک کے ہر مرحلے پر نگرانی ممکن ہوگی، جس سے شہریوں کو اپنی درخواست کی صورتحال جاننے میں سہولت ملے گی۔
اس جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے پاسپورٹ دفاتر میں رش یا بھیڑ کی خودکار نشاندہی کی جائے گی تاکہ عملہ فوری اقدامات کر سکے۔
علاوہ ازیں، اسٹاف کی کارکردگی، پاسپورٹ پرنٹنگ کے عمل اور نیٹ ورک مینجمنٹ سسٹم کے تحت بیک لاگ اور مشینری کی حالت کی بھی مسلسل نگرانی ہوگی۔
محکمہ پاسپورٹس کے مطابق یہ اقدام نہ صرف شفافیت اور کارکردگی کو بڑھانے کے لیے ہے بلکہ شہریوں کے لیے بھی سہولت فراہم کرے گا، تاکہ وہ اپنے پاسپورٹ کی درخواست کے ہر مرحلے سے باخبر رہ سکیں ، شہری اب اپنے درخواست کے عمل، پرنٹنگ اور ڈیلیوری کے بارے میں فوری معلومات حاصل کر سکیں گے اور کسی بھی تاخیر کی صورت میں فوری اقدامات ممکن ہوں گے۔
یہ نیا سسٹم پاکستان میں پاسپورٹ خدمات کو مزید جدید اور شہری دوست بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس سے پاسپورٹ کے حصول کے عمل میں آسانی اور شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔