فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کے ماہر ہیں، برطانوی اخبار

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کے ماہر ہیں، برطانوی اخبار

برطانوی جریدے ‘فنانشل ٹائمز’ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کا ماہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بدلتے عالمی نظام میں سب سے مؤثر اسٹریٹجک رہنماؤں میں شامل ہو چکے ہیں۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق عالمی سیاست میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں نے درمیانی طاقتوں کے لیے ایک نیا مگر پیچیدہ دور کھول دیا ہے، جس میں پاکستان کی قیادت نے غیر معمولی سفارتی مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا کا ’انڈیا فرسٹ‘ دور ختم، پاکستان کو ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی میں فوقیت مل گئی، واشنگٹن ٹائمز

فنانشل ٹائمز کے مطابق مڈل پاورز کے لیے موجودہ عالمی منظرنامہ خاصا مشکل ثابت ہو رہا ہے، تاہم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ان ممالک کی قیادت کرنے والوں میں شامل ہیں جنہوں نے اس پیچیدہ ماحول میں کامیابی سے خود کو منوایا۔ جریدے نے انہیں درمیانی طاقتوں کے سب سے کامیاب ‘ملٹی لٹرل اسٹریٹجک پلیئرز’ میں شمار کیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر رسمی اور غیر روایتی انداز کے ساتھ سب سے بہتر ہم آہنگ ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق ٹرمپ کے ساتھ بروقت خوش گفتاری، نرم سفارتی رویہ اور حقیقت پسندانہ اپروچ پاکستان کے لیے مؤثر ثابت ہوئی۔

برطانوی جریدے نے لکھا کہ پاکستان کی قیادت ایک ہی وقت میں واشنگٹن، بیجنگ، ریاض اور تہران کے ساتھ متحرک اور متوازن روابط قائم رکھنے میں کامیاب رہی، جو بدلتی عالمی سیاست میں ایک بڑی سفارتی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔ فیلڈ مارشل نے تیزی سے تبدیل ہوتے عالمی حالات میں پاکستان کے لیے نئے سفارتی مواقع پیدا کیے اور قومی مفادات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی سفارتکاری کو نئے عالمی تناظر کے مطابق ڈھالنے میں کلیدی کردارادا کیا، جس سے پاکستان کا عالمی تشخص مضبوط ہوا اور خطے میں اس کی سفارتی اہمیت میں اضافہ ہوا۔

مزید پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کامیاب سفارت کاری نے پاکستان کو بلندیوں پر پہنچا دیا، واشنگٹن پوسٹ

دوسری جانب برطانوی جریدے نے بھارت کی سفارتی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے لیے درمیانی طاقت کا کھیل توقع سے کہیں زیادہ مشکل ثابت ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان بدلتے عالمی حالات اور ٹرمپ کے غیر متوقع انداز سے ہم آہنگ نہ ہو سکا، جس کے باعث اسے مڈل پاور حکمت عملی میں سنگین مشکلات کا سامنا ہے۔

فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ سفارتی ناکامیوں کے باعث بھارت کو عالمی سطح پر مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے، جبکہ اس کے برعکس پاکستان کی سفارتی کامیابیوں نے بھارت کو مایوسی سے دوچار کیا ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کے ماہر کے طور پر ابھرے ہیں اور ان کی قیادت میں پاکستان نے بدلتے عالمی نظام میں اپنے مفادات کا مؤثر تحفظ کیا ہے، جو آنے والے برسوں میں خطے اور عالمی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *