پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ایم جی موٹرز نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس آل نیو ایم جی ایچ ایس ہائبرڈ پلس اور سپر ہائبرڈ ویریئنٹس کے ساتھ باضابطہ طور پر متعارف کرا دی ہے، جسے نئی انرجی وہیکلز کے شعبے میں اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
ایم جی موٹرژ پاکستان نے لاہور پلانٹ میں ایک تقریب کے دوران اس نئی گاڑی کی رونمائی کی جس کے ذریعے ملک میں تیزی سے فروغ پاتی نیو انرجی وہیکلز مارکیٹ میں مزید جدت لانے کی کوشش کی گئی ہے۔
کمپنی حکام کے مطابق اس ماڈل میں نہ صرف جدید بیرونی ڈیزائن پیش کیا گیا ہے بلکہ اندرونی حصے کو بھی نئی ٹیکنالوجی اور سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو بہتر ڈرائیونگ تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
کمپنی کے سی ای او مسٹر شاؤ کا کہنا تھا کہ ایم جی 2020 سے پاکستان میں جدید ٹرانسپورٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اب اس نئے ماڈل کے ذریعے اس سفر کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو زیادہ آپشنز اور جدید سہولیات فراہم کرنا کمپنی کی ترجیح ہے۔
نئی ایم جی ایچ ایس کے دونوں ویریئنٹس میں جدید جنریشن کی ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے۔ ہائبرڈ پلس ویریئنٹ روایتی ہائبرڈ ڈرائیونگ کو بہتر بناتا ہے جبکہ سپر ہائبرڈ جو کہ پلگ ان ہائبرڈ ہے صرف بیٹری پر تقریباً 135 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو اسے ماحول دوست گاڑیوں کی فہرست میں نمایاں بناتا ہے۔
ایس اے آئی سی موٹر کے سینئر نمائندے کے مطابق پاکستان ایک اہم اسٹریٹجک مارکیٹ بن چکا ہے جہاں سولر انرجی کے بڑھتے رجحان اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے خدشات نے الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ کیا ہے۔
اگر حکومت کی جانب سے سازگار پالیسیاں جاری رہیں تو آنے والے برسوں میں پاکستان میں الیکٹرک موبیلیٹی کا رجحان مزید تیزی سے فروغ پا سکتا ہے اور صارفین روایتی ایندھن سے ہٹ کر متبادل ذرائع کی جانب منتقل ہو سکتے ہیں۔