پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق دھند کی شدت کے پیشِ نظر موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک، موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک جبکہ موٹروے ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک بند کر دی گئی ہے۔ شدید دھند کے باعث سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کو بھی احتیاطی تدابیر کے طور پر مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب قومی شاہراہ پر لاہور، پتوکی، اوکاڑہ اور ساہیوال کے علاقوں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ چیچہ وطنی، اقبال نگر، میاں چنوں، خانیوال، ملتان اور بہاولپور میں حدِ نگاہ صفر ہو جانے کی اطلاعات ہیں جس سے حادثات کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری خطرناک حادثات کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور سفر کی صورت میں فوگ لائٹس کا استعمال، مناسب رفتار اور مقررہ فاصلے کا خاص خیال رکھیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک دھند کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے جس کے پیشِ نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔