محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی تازہ صورتحال اور آئندہ چند دنوں کی پیش گوئی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یکم جنوری2026کو نئے سال کے پہلے دن شدید برف باری کے باعث متعدد پہاڑی اور بالائی علاقوں میں سڑکوں کی بندش، پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا قوی امکان ہے۔ ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی جیسے علاقوں میں مسافروں اور مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے، جس کے باعث زمینی رابطے مزید متاثر ہو سکتے ہیں،دوسری جانب اس دوران پنجاب کے وسطی اور جنوبی اضلاع کے ساتھ ساتھ بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی متوقع ہے جس سے حدِ نگاہ میں بہتری آنے کا امکان ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی اور وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ملک کے دیگر حصوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جمعرات کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور بالائی و جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری ریکارڈ کی گئی جبکہ دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہا،سب سے زیادہ بارش سندھ کے علاقوں چھور، روہڑی، سکھر اور حیدرآباد میں ریکارڈ کی گئی، جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی، بلوچستان میں کوئٹہ، تربت اور خضدار میں بارش جبکہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی خاصی بارش اور برف باری ہوئی۔
برف باری کے حوالے سے کالام، مسلم باغ، زیارت اور مالم جبہ میں نمایاں مقدار ریکارڈ کی گئی،کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 6، گوپس میں منفی 2 اور پاراچنار میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،محکمہ موسمیات نے عوام، سیاحوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔