بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر ایک کارروائی کی جس کی اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں بھارتی پروکسی گروپ “فتنہ الہندوستان” کے دہشتگرد موجود ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے مؤثر حکمت عملی کے تحت دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیا اور ان کے خلاف کارروائی شروع کی۔ آپریشن کے دوران شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، جس کے بعد ایک شدید اور طویل مقابلے کے بعد چار بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک شدہ دہشتگرد علاقے میں مختلف دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور شہریوں کے لیے شدید خطرہ تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے ہلاک شدہ دہشتگردوں کے ٹھکانے سے مزید معلومات حاصل کیں تاکہ علاقے میں دیگر ممکنہ دہشتگردوں کا سراغ لگایا جا سکے۔
حکام کے مطابق علاقے میں ابھی بھی سیکیورٹی آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پاکستان کے قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت ملک میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا صفایا کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
سیکورٹی اداروں نے واضح کیا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔ قلات میں کامیاب کارروائی سے یہ پیغام بھی گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی ادارے کسی بھی قسم کی دہشتگردانہ سرگرمی کو برداشت نہیں کریں گے۔ یہ کارروائی ملک میں انسداد دہشتگردی کی جاری مہم میں ایک اہم سنگِ میل کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی اور غیر ملکی مداخلت کے اثرات کم ہوں گے۔