وزیراعظم شہبازشریف نے مظفرآباد میں جدید کینسر ہسپتال اور میڈیکل کالج کا افتتاح کردیا

وزیراعظم شہبازشریف نے مظفرآباد میں جدید کینسر ہسپتال اور میڈیکل کالج کا افتتاح کردیا

وزیراعظم شہبازشریف نے مظفرآباد میں جدید کینسرہسپتال اور میڈیکل کالج کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے اور اس ہسپتال کے ذریعے مقامی سطح پر بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کینسر جیسے موذی مرض سے گزر چکے ہیں اور انہیں اچھی طرح اندازہ ہے کہ وسائل سے محروم افراد کے لیے کینسر کا علاج کتنا مشکل ہے۔ وزیراعظم نے افتتاح کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور کہا کہ جان لیوا بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا علاج انسانیت کی خدمت کا بہترین طریقہ ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکالوجی اینڈ ریڈیو تھراپی کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا۔ یہ ہسپتال پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے منصوبے کے تحت قائم کیا گیا ہے اور اس کا مقصد جدید طبی سہولتیں عوام تک پہنچانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ترقی میں بھارت کو پیچھے نہ چھوڑا تو میرا نام شہباز شریف نہیں، وزیراعظم

چیئرمین پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن راجا علی رضا انور نے تقریب سے خطاب میں بتایا کہ یہ ہسپتال عوامی خدمت کے جذبے کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 6، خیبرپختونخوا میں 5 اور سندھ میں 5  ہسپتال قائم کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایک ایک جدید ہسپتال موجود ہے۔ ان ہسپتالوں میں سالانہ تقریباً 10 لاکھ کینسر کے مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔

بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروس نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آزاد کشمیر میں جدید کینسرہسپتال کا قیام ایک اہم سنگِ میل ہے اور عوامی فلاح کے لیے ایٹمی توانائی کے استعمال کو سراہا جانا چاہیے۔ یہ  ہسپتال علاقے کے لوگوں کے لیے جدید علاج اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

editor

Related Articles